سلام اس پر


سلام اس پر کہ جس نے بے کسوں کی دستگیری کی
سلام اس پر کہ جس نے بادشاہی میں فقیری کی

تشریح
صلوٰۃ و سلام اور رحمتیں نازل ہوں انسانیت کے اس سب سے بڑے محسن (صل اللہ علیہ وسلم) پر جنھوں نے ہمیشہ غریبوں، کمزوروں اور مسکینوں کی مدد کی ہے اور اپنی ضرورتوں کے باوجود  دوسروں کو ترجیح دی۔ اس ذات گرامی کے سامنے پوری دنیا کی بادشاہت اور تمام تر نعمتیں رکھ دی گئیں لیکن انھوں نے فقر اور بے نیازی کو ہی اپنا شعار بنایا۔


سلام اس پرکہ اسرار محبت جس نے سکھلائے
سلام اس پر کہ جس نے زخم کھا کر پھول برسائے

تشریح
صلوٰۃ و سلام ہو اس نبیِ پاک صل اللہ علیہ وسلم پر جنھوں نے انسانوں کو عشق کا حقیقی مطلب بتایا، جنھوں نے خالق اور مخلوق کے بیچ تعلق کے راز کو افشا کیا۔ آپ ﷺاس پورے جہان کے لئے رحمت بن کر آئے تھے، اگر کسی نے ان پر ظلم کیا یا تکلیف پہنچائی تو ان لوگوں کے لئے بھی آپ ﷺ کی زبانِ مبارک سے دعا ہی نکلی یعنی زخم کھا کر بھی انھوں نے رحمت کے پھول ہی برسائے۔


سلام اس پر کہ جس نے خوں کے پیاسوں کو قبائیں دیں
سلام اس پر کہ جس نے گالیاں سن کر دعائیں دیں

تشریح
درود و سلام ہو رحمت اللعالمین صل اللہ علیہ وسلم پر جنھوں نے قتل کرنے کی کوشش اور سازش کرنے والوں کو بھی اپنے دامنِ رحمت میں جگہ دی۔ اور جو لوگ دشمنی میں حد سے بڑھ کر رسول اللہ ﷺ کو برا بھلا اور لعن و طعن کرتے تھے ان لوگوں کے لئے بھی آپ ﷺ نے خیر کی دعا کی۔


سلام اس پر کہ دشمن کو حیاتِ جاوداں دے دی
سلام اس پر، ابو سفیان کو جس نے اماں دے دی

تشریح
لاکھوں صلوٰۃ و سلام ہو رسول امین ﷺ پر جنھوں نے بڑے سے بڑے اسلام دشمن کو بھی معاف کر دیا، اس رحم دلی کا یہ اثر ہوا کہ ان میں سے کئی ایک نے اسلام کے دامنِ رحمت پناہ لی۔ ان دشمنوں میں حضرت ابو سفیان رضی اللہ عنہ جیسے سب سے بڑے اسلام مخالف بھی تھے جنھوں نے رسول اللہ ﷺ کی رحمت و شفقت کے سامنے ہتھیار ڈال دیے اور رسول اللہ ﷺ سے امن کا پروانہ حاصل کر لیا۔


سلام اس پر کہ جس کا ذکر ہے سارے صحائف میں
سلام اس پر، ہوا مجروح جو بازار طائف میں

تشریح
درود و سلام ہو سیدالانبیاء پر جن کی بشارت اور ذکر سارے آسمانی صحیفوں میں موجود ہے اور انبیاء نے انکی بعثت کی خوشخبری دی ہے۔ صلوٰۃ و سلام ہو اس نبیِ معصوم ﷺ پر جن پر طائف کے لوگوں نے سرِ بازار ظلم ڈھائے اور آپ ﷺ کو زخمی کیا، پھر بھی رحمت اللعالمین ﷺ زبانِ مبارک سے دعائے خیر کے الفاظ ہی نکلے۔


سلام اس پر، وطن کے لوگ جس کو تنگ کرتے تھے
سلام اس پر کہ گھر والے بھی جس سے جنگ کرتے تھے

تشریح
سلام ہو نبیِ اقدس ﷺ پر جن کو اپنے ہی قبیلے اور شہر کے لوگ طرح طرح سے ستایا کرتے تھے۔ اور اس سے بھی بڑھ کر یہ کہ  خود آپکے خاندان کے لوگ بھی آپ ﷺ سے بر سرِ پیکار تھے، آپ ﷺ کا چچا ابولہب آپ ﷺ کو تکلیف اور نقصان پہنچانے کی ہر ممکن کوششیں کرتا رہتا تھا۔


سلام اس پر کہ جس کے گھر میں چاندی تھی نہ سونا تھا
سلام اس پر کہ ٹوٹا بوریا جس کا بچھونا تھا

تشریح
صلوٰۃ و سلام نازل ہو سرکار دو عالم ﷺ پر، جن کے پاس سونا چاندی اور مال و دولت نہیں تھا اور جو کچھ ہوتا بھی تھا تو فقراء اور مساکین پر خرچ کر دیا کرتے تھے۔ بستر کے نام ایک ٹوٹا اور پھٹا بوریا تھا جس پر رحمتِ عالم ﷺ آرام فرماتے تھے۔


سلام اس پر جو سچائی کی خاطر دکھ اٹھاتا تھا
سلام اس پر، جو بھوکا رہ کے اوروں کو کھلاتا تھا

تشریح
درود سلام نازل ہو نبی کریم ﷺ پر جنھوں نے حق و صداقت کا علم بلند کیا اور اس راہ میں آنے والی سبھی مصیبتیں جھیلی اور پریشانیوں کا سامنا کیا۔ بارہا آپ ﷺ کے شب و روز فاقوں پہ گزرتے تھے اور اس فاقے کی حالت میں بھی کوئی سائل آجاتا تو آپ ﷺ خود بھوکے رہ کر  سائل کے کھانے پینے کا بندوبست کرتے تھے۔


سلام اس پر، جو امت کے لئے راتوں کو روتا تھا
سلام اس پر، جو فرش خاک پر جاڑے میں سوتا تھا

تشریح
درود و سلام شفیع المذنبین ﷺ پر جو ہمیشہ اپنی امت کے مستقبل اور مغفرت کی فکر میں رہتے تھے اور راتوں کو جاگ کر رو رو کر اپنی امت کے لئے دعائیں مانگا کرتے تھے۔ رسول اللہ ﷺ کے فقر و غنا کا یہ عالم تھا کہ آپ سخت جاڑے کے موسم میں بھی زمین پر ہی سوتے تھے۔


سلام اس پر جو دنیا کے لئے رحمت ہی رحمت ہے
سلام اس پر کہ جس کی ذات فخر آدمیت ہے

تشریح
سلام رحمت اللعالمین ﷺ پر جو تمام جہانوں کے سراپا رحمت بنا کر بھیجے گئے تھے، آپ ﷺ نے ہمیشہ تمام انسانوں کے لئے خیر و رحمت کی دعا مانگی اور کبھی کسی کے لئے بد دعا نہیں کی۔ رسول اللہ ﷺ کی بعثت تمام انسانوں کے لئے فخر کا باعث ہے کہ اﷲ نے خاتم النبیین اور رحمت اللعالمین کو بنی آدم میں سے منتخب کیا۔


سلام اس پر کہ جس نے جھولیاں بھردیں فقیروں کی
سلام اس پر کہ مشکیں کھول دیں جس نے اسیروں کی

تشریح
سلام و رحمت جنابِ محمد الرسول اللہ ﷺ پر جن کی سخاوت کا یہ عالم تھا غریب اور مسکین آتے تھے اور اپنی جھولیاں مال و دولت سے بھر کر جاتے تھے۔ اپ ﷺ نے اسیروں اور غلاموں کے ساتھ حسنِ سلوک کرنے اور غلاموں کو آزاد کرنے کی ترغیب اور تعلیم دی۔


سلام اس پر کہ جس نے زندگی کا راز سمجھایا
سلام اس پر کہ جو خود بدر کے میدان میں آیا

تشریح
سلام اس ذاتِ اقدس ﷺ پر جنھوں نے انسانوں کو اس دنیاوی زندگی کے صحیح مقاصد اور راز سے آگاہ کیا، بندے اور خدا کے بیچ تعلق کی صحیح تعبیر پیش کی۔ آپ ﷺ نے حق کے علم کو بلند کرنے کے لئے بدر کے میدان میں باطل سے بر سرِپیکار بھی ہوئے ہیں۔


سلام اس پر کہ جس کا نام لیکر اس کے شیدائی
الٹ دیتے ہیں تختِ قیصریت، اوج دارائی

تشریح
صلوٰۃ و سلام حبیبِ خدا جناب محمد الرسول اللہ ﷺ پر، جن پر اپنی  جان قربان کرنے والے امتی جب اسلام کا علم لے کر اٹھے تو انھوں نے قیصر و کسریٰ جیسی وقت کی سپر پاور کو بھی تہہ و بالا کر دیا اور اسلام کے پرچم کو پوری دنیا میں بلند کر دیا۔


سلام اس پر کہ جس کے نام لیوا ہر زمانے میں
بڑھادیتے ہیں ٹکڑا، سرفروشی کے فسانے میں

تشریح
صلوٰۃ و سلام ہو رسول پاک ﷺ پر جن کےہم امتی ہیں۔ اس امتِ محمدیہ ﷺ میں ہر زمانے میں ایسے لوگ موجود رہے ہیں جنھوں نے اسلام کے علم کو بلند کرنے کے لئے شہادت کا جام نوش کیا ہے اور وہ شہادت کی ایک نئی تارہخ رقم کر گئے۔


سلام اس ذات پر، جس کے پریشاں حال دیوانے
سناسکتے ہیں اب بھی خالد و حیدر کے افسانے

تشریح
بظاہر امت محمدیہ ﷺ پوری دنیا میں تنزلی اور پریشانیوں کا شکار ہیں لیکن اس امت میں آج بھی ایسے جوہر موجود ہیں جو حق و باطل کے معرکے میں خالد بن ولید رض اور علی بن ابی طالب رض جیسی شجاعت و جواں مردی کی مثالیں پیش کر سکتے ہیں۔صلوٰۃ و سلام ہو اس نبیِ پاک ﷺ پر جس کے ایسے جاں باز اور دلیر امتی ہیں۔


درود اس پر کہ جس کا نام تسکینِ دل و جاں ہے
درود اس پر کہ جس کے خلق کی تفسیر قرآن ہے

تشریح
درود ہو جناب محمد مصطفیٰ ﷺ پر جس کا نام اور جس کی بعثت مسلمانوں کے لئے دل و جان کی تسکین و مسرت کا باعث ہے۔ آپ ﷺ کے عادات و اطوار اور اخلاق قرآنی تعلیمات کا نمونہ ہیں یعنی قرآن جس انسان کی تعمیر و تربیت کرنا چاہتا ہے آپ ﷺ اس کے اعلیٰ ترین مقام پر فائز ہیں۔


(ماہر القادری)​